میڈ اِن پاکستان’’ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا حصہ بن گیا

FIFA 2026 FIFA 2026

اسلام آباد (صداۓ روس)

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل میچ بال “ایڈیڈاس ٹریکونڈا” پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں پاکستانی ہنرمندوں نے تیار کی ہے، جو ملکی صنعت اور دستکاری کی عالمی سطح پر بڑی کامیابی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اگرچہ پاکستان ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں میں شامل نہیں، تاہم پاکستانی ہنر اور محنت اس عالمی ایونٹ کا حصہ بن کر دنیا بھر میں نظر آئے گی۔

انہوں نے سیالکوٹ کے کاریگروں اور مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مہارت اور معیار نے ایک بار پھر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔ ان کے مطابق “میڈ اِن پاکستان” لیبل کا اس بڑے کھیلوں کے ایونٹ کا حصہ بننا قومی فخر کی بات ہے۔ نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی ہنرمند اپنی صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل میں بھی عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کرتے رہیں گے اور کھیلوں سمیت دیگر صنعتوں میں پاکستان کا کردار مزید مضبوط ہوگا۔