چکوال سی سی ڈی فائرنگ: 9 سالہ آسٹریلوی نژاد پاکستانی بچی کی ہلاکت پر آسٹریلوی حکومت کا نوٹس

Pakistan Police Pakistan Police

اسلام آباد (صداۓ روس)

صوبہ پنجاب کے ضلع چکوال میں سی سی ڈی اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے 9 سالہ آسٹریلوی نژاد پاکستانی بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا آسٹریلوی حکومت نے نوٹس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی شہری عدیل احمد اپنی اہلیہ ڈاکٹر سدرہ، بیٹے عفان اور 9 سالہ بیٹی ہانیہ احمد کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد پاکستان واپس آئے تھے۔ اہل خانہ کے مطابق واقعہ چکوال کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب مبینہ طور پر سی سی ڈی اہلکاروں نے ڈاکو سمجھ کر ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 9 سالہ ہانیہ احمد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی، جبکہ والد اور بھائی شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اہل خانہ کی خوشی کا یہ سفر ایک لمحے میں شدید غم میں بدل گیا۔ اطلاعات کے مطابق آسٹریلوی حکومت نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ پاکستانی حکام کے ساتھ اٹھا لیا ہے۔ کینبرا میں متعلقہ ادارے پاکستانی وزارتِ خارجہ سے رابطے میں ہیں اور واقعے کی مکمل تفصیلات طلب کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب مقامی سطح پر بھی اس واقعے پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔