اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

پاکستان میں مون سون بارشوں سے نقصانات، امدادی سرگرمیاں جاری

Rains in Pakistan

پاکستان میں مون سون بارشوں سے نقصانات، امدادی سرگرمیاں جاری

اسلام آباد (صداۓ روس)
ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں نے وسیع پیمانے پر تباہی مچا ئی ہے۔ ضلع دیامر کے سیاحتی مقامات بابوسر اور تھک میں شدید سیلاب کے باعث 4 افراد جاں بحق، 4 زخمی اور 15 سے زائد لاپتہ ہیں، جن میں سیاح بھی شامل ہیں۔ سیلاب نے علاقے کا مواصلاتی نظام متاثر کر دیا ہے، فائبر لائنز اور بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے سیاح پھنس گئے ہیں اور گھروں سے رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر دیامر عطاء الرحمان کاکڑ کے مطابق سیلاب میں 25 سے زائد مکانات اور 10 سے 15 گاڑیاں تباہ ہو چکی ہیں۔ بابوسر اور قراقرم ہائی وے پر پھنسے سیاحوں اور مسافروں کی مدد کے لیے پاک فوج اور گلگت بلتستان سکاوٹس کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں متاثرین کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پاک فوج کی انجینئرنگ ٹیمیں سکردو روڈ اور دیوسائی کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہیں، جبکہ چلاس کے ہوٹل مالکان سیاحوں کو مفت رہائش اور کھانا فراہم کر رہے ہیں۔ مری میں شدید بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چھرہ گلی-بستال لنک روڈ بند ہو گئی ہے اور متعلقہ حکام سڑکیں کھولنے میں مصروف ہیں۔

خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش اور فلش فلڈ سے 10 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، بونیر، اپر کوہستان، اپر چترال اور شانگلہ شامل ہیں۔ سیلابی صورتحال میں 10 گھروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں 2 مکمل تباہ اور 8 کو جزوی نقصان ہوا۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ننکانہ صاحب میں نالہ ڈیک میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے قریبی آبادیوں اور کھیتوں میں پانی داخل ہو چکا ہے جبکہ نہروں میں شگاف پڑ چکے ہیں۔ شمال مشرقی پنجاب میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور لاہور میں اگلے 24 گھنٹوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مون سون کا چوتھا اسپیل 25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی حادثے کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی نمبر 1700 پر دیں۔

Share it :