ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
افغانستان سے متعلق ماسکو فارمیٹ مشاورت کا آٹھواں اجلاس روسی دارالحکومت میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کے شرکا افغانستان کی اندرونی اور گردونواح کی صورتحال پر بات چیت کریں گے، بشمول کابل اور اسلام آباد کے مابین تنازع۔ اس اجلاس میں افغانستان، بھارت، ایران، قازقستان، چین، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے خصوصی ایلچی اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ بیلاروس اور مصر کے وفود کو بطور مہمان مدعو کیا گیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف فارمیٹ کے شرکا کے لیے خیرمقدمی خطاب کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر شرکا کی جانب سے ایک مشترکہ بیان منظور کیے جانے کی توقع ہے۔