دوشنبے (حسن رضا)
تاجکستان کے درالحکومت دوشنبے میں پانچ لاکھ امریکی ڈالر کی خطیر انعامی رقم کے ساتھ ایشین گراں پری 2026 کا آغاز ہوگیا۔ انٹرنیشنل بیک گیمون فیڈریشن (IBF) کے زیر اہتمام ہونے والے اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے کھلاڑی شریک ہیں، جبکہ تاجکستان کا دارالحکومت دوشنبے پہلی مرتبہ اس عالمی مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ ایشین گراں پری رواں سال انٹرنیشنل بیک گیمون فیڈریشن کی گراں پری سیریز کا تیسرا مرحلہ ہے۔ اس سے قبل تاشقند اور تبلیسی میں مقابلوں کے مراحل منعقد ہوچکے ہیں۔ دوشنبے میں ہونے والے مقابلوں میں کھلاڑی مختلف ڈسپلنز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ خصوصی کوریج: ٹورنامنٹ کی کوریج کے لیے روس میں مقیم پاکستانی صحافی، تجزیہ کار اور اردو-روسی میڈیا پلیٹ فارم صدائے روس کے چیف ایڈیٹر اشتیاق ہمدانی بھی دوشنبے میں موجود ہیں۔
اشتیاق ہمدانی نے ٹورنامنٹ کے دوران ترکمانستان، آذربائیجان، ایران، روس، تاجکستان، ازبکستان اور ترکی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں سے ملاقات اور گفتگو کی۔ بات چیت میں بیک گیمون کے فروغ، کھلاڑیوں کی تیاری، بین الاقوامی مقابلوں کے تجربے اور مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کھلاڑیوں نے دوشنبے میں مقابلوں کے انعقاد، عالمی سطح کے ماحول اور مختلف ممالک کے ماہر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے تجربے کو اہم قرار دیا، جبکہ اس امر پر بھی گفتگو ہوئی کہ ایسے مقابلے بیک گیمون کو مزید ممالک اور نئے کھلاڑیوں تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں 30 سے زائد ممالک کے 300 سے زیادہ کھلاڑی شریک ہیں۔ بلغاریہ کے 22 سالہ کالِن اسٹیفانوف سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں، جبکہ امریکا کے 88 سالہ جان راک ویل سب سے زیادہ عمر کے شریک کھلاڑی ہیں۔ مقابلوں کے لیے دوشنبے کے ثقافتی و تفریحی مرکز کوہی نوروز میں جدید سہولیات سے آراستہ خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مقابلوں کی نگرانی روس، کرغزستان اور ازبکستان سے تعلق رکھنے والے ماہر ریفری کر رہے ہیں۔ ایشین گراں پری کے آغاز کے موقع پر انٹرنیشنل بیک گیمون فیڈریشن نے اپنی سرکاری موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کرادی ہے۔ ایپ کے ذریعے کھلاڑی اور شائقین بیک گیمون آن لائن کھیلنے، مقابلوں میں رجسٹریشن، فیڈریشن کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے اور کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی دیکھنے سمیت مختلف سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
فیڈریشن نے اپنا پہلا بین الاقوامی رسالہ انٹرنیشنل بیک گیمون میگزین بھی جاری کیا ہے، جس میں بیک گیمون کے عالمی مقابلوں، معروف کھلاڑیوں، چیمپئنز، فیڈریشن کی سرگرمیوں اور کھیل کے مستقبل کے حوالے سے خصوصی مواد شامل ہے۔ رسالہ سال میں دو مرتبہ شائع ہوگا۔
انٹرنیشنل بیک گیمون فیڈریشن کے صدر عمر کریملیوف نے کہا کہ صرف ایک سال کے دوران فیڈریشن نے تین گراں پری مقابلوں اور پہلے عالمی لانگ بیک گیمون چیمپئن شپ کا انعقاد کیا ہے۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کے لیے یہ مقابلے صرف کامیابی اور انعامی رقم تک محدود نہیں، بلکہ مقصد ایسی عالمی برادری تشکیل دینا ہے جہاں ہر کھلاڑی خود کو اس کھیل کے خاندان کا حصہ محسوس کرے۔
ایشین گراں پری 2026 کے مقابلے 5 سے 11 اکتوبر تک دوشنبے کے ثقافتی و تفریحی مرکز کوہی نوروز میں جاری رہیں گے۔ ٹورنامنٹ کے شراکت داروں میں سی بریز منصوبہ اور تاجکستان میں روس ٹروڈنیچستوو شامل ہیں۔