برطانیہ: ٹرین میں چاقو حملہ، متعدد افراد زخمی — دو مشتبہ افراد گرفتار

Railway Railway

برطانیہ: ٹرین میں چاقو حملہ، متعدد افراد زخمی — دو مشتبہ افراد گرفتار

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
برطانیہ میں کیمبرج کے قریب ایک ٹرین میں چاقو سے حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام پیش آیا جب مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 40 منٹ پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی۔ کیمبرج شائر پولیس کے مطابق “مسلح اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور ٹرین کو ہنٹنگڈن اسٹیشن پر روک لیا گیا، جہاں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ متعدد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔” پولیس نے بعدازاں تصدیق کی کہ دس افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اس انتباہ کو واپس لے لیا گیا۔ چیف سپرنٹنڈنٹ کرس کیسی نے کہا کہ “اس مرحلے پر واقعے کے محرکات پر قیاس آرائی مناسب نہیں۔” پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں ایک 32 سالہ سیاہ فام برطانوی شہری اور دوسرا 35 سالہ کیریبین نژاد برطانوی شہری شامل ہے، دونوں برطانیہ میں پیدا ہوئے۔

سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیوز میں ٹرین اسٹیشن پر بھاری پولیس نفری اور ایمبولینسز کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک عینی شاہد نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ “کئی خون آلود مسافر ٹرین سے بھاگتے ہوئے نظر آئے، اور کسی نے چلّا کر کہا کہ اُن کے پاس چاقو ہے۔” وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک “خوفناک واقعہ” ہے۔ انہوں نے ہنگامی امدادی ٹیموں کے فوری ردِعمل کو سراہا اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ جبکہ برطانوی وزیرِ داخلہ شبانہ محمود نے کہا کہ وہ اس واقعے پر “انتہائی افسردہ” ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ ابتدائی مرحلے پر افواہوں اور قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔

Advertisement