ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایشیا میں کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 64 سینٹ یعنی 0.64 فیصد کم ہو کر 97 ڈالر 67 سینٹ فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 35 سینٹ یعنی 0.40 فیصد کمی کے ساتھ 90 ڈالر 51 سینٹ فی بیرل پر آ گئی۔ ایک موقع پر برینٹ کی قیمت ایک ڈالر سے زائد گر گئی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این کو ٹیلی فونک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت جاری رہی تو ایران پر نئے حملوں کا حکم دینے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان کے مطابق اس کا انحصار اس پر ہے کہ آیا ایران ایک بہت مضبوط معاہدے پر دستخط کرتا ہے یا نہیں، اور جواب یہ ہے کہ اس کی ضرورت پڑنے کا امکان بہت کم ہے۔
ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر بڑے حملے دوبارہ شروع کرنے کا اشارہ دیا تھا، تاہم بڑے پیمانے پر امریکی فوجی کارروائی کے کوئی آثار نظر نہیں آئے۔ ایران کہہ چکا ہے کہ وہ جواب میں امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنائے گا۔ دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز میں یا اس کے قریب جہازوں پر حملوں کی بھی اطلاع دی ہے۔
گزشتہ ہفتے برینٹ کی قیمت میں 17 فیصد کمی ہوئی تھی، جو کووڈ وبا کے آغاز کے بعد ہفتہ وار سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ جے پی مورگن کے تخمینے کے مطابق ستمبر میں عالمی تیل کی رسد کھپت سے 11 لاکھ بیرل یومیہ زیادہ رہی، جبکہ اکتوبر میں 14 لاکھ بیرل یومیہ اضافی رسد کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ عراق نے بتایا ہے کہ اس کا امریکا کے ساتھ اس پر اتفاق ہو گیا ہے کہ عمان کے قریب شپنگ لین کے ذریعے آبنائے ہرمز سے تیل کی برآمد کی اجازت دی جائے۔