اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر مظفر آباد کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث تباہ ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے۔ ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں فوری طور پر حادثے کی جگہ پر پہنچ گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی درست وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہادت پر افسوس اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔