اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان ریلوے نے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے ریلوے حدود میں حساس مقامات کی بغیر اجازت فوٹوگرافی، ویڈیوگرافی اور خبری کوریج کو قابلِ سزا جرم قرار دے دیا ہے۔ نئی ہدایات کے مطابق صحافیوں، وی لاگرز، بلاگرز اور عام شہریوں کو پیشگی تحریری اجازت کے بغیر ریلوے سرگرمیوں کی ویڈیو بنانے، تصاویر لینے یا رپورٹنگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ فیصلہ ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز، آپریشنل علاقوں اور تنصیبات پر نافذ ہوگا۔ حکام نے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ریلوے یارڈز کو حساس مقامات قرار دیا ہے۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق ان علاقوں میں بغیر مجاز اجازت داخلہ سختی سے ممنوع ہوگا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت پلیٹ فارم تک رسائی بھی محدود کر دی گئی ہے۔ صرف وہی مسافر پلیٹ فارم میں داخل ہو سکیں گے جن کے پاس درست سفری ٹکٹ یا پلیٹ فارم ٹکٹ موجود ہوگا۔
مزید برآں انجن، بریک وین اور دیگر تکنیکی حصوں تک رسائی صرف مجاز ریلوے عملے تک محدود کر دی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ریلوے لائن عبور کرنا یا ریلوے یارڈ میں داخل ہونا بھی مجرمانہ فعل تصور ہوگا۔ ریلوے حدود میں کسی بھی قسم کی ریکارڈنگ، اشاعت یا مواد کی تیاری کے لیے متعلقہ شعبے سے پیشگی تحریری اجازت لازمی ہوگی۔ پاکستان ریلوے کے مطابق یہ اقدامات قومی اثاثوں کے تحفظ، سکیورٹی مزید مضبوط بنانے اور غیر مجاز سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کیے گئے ہیں۔