اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں پاسپورٹ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لیے کلیدی فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نارمل پاسپورٹ کے اجراء کی مدت اب 21 دن سے کم کر کے 14 دن کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو تیزی سے پاسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ آئندہ 15 دن کے اندر تمام پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام نافذ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیش ادائیگی کے خاتمے سے ایجنٹ مافیا کا سدباب ہو گا اور عام شہریوں کو براہ راست سہولت ملے گی۔ محسن نقوی نے بزنس پاسپورٹ کے اجراء کے نظام کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے عوامی سہولت کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کو ضروری قرار دیا۔ اجلاس میں پاسپورٹ کی گھروں تک فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔