جرمنی سے 5 ہزار امریکی فوجی واپس بلائے جائیں گے، پینٹاگون

US army US army

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے جرمنی سے تقریباً 5,000 امریکی فوجیوں کے انخلاء کا حکم دے دیا ہے۔ امریکی وزیرِ جنگ کے پبلک افیئرز کے اسسٹنٹ شان پارنیل نے پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ “وزیرِ جنگ نے جرمنی سے تقریباً 5,000 فوجیوں کے انخلاء کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ فیصلہ یورپ میں امریکی فورسز کی پوزیشن کا مکمل جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے اور یہ تھیٹر کی ضروریات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔” بیان کے مطابق انخلاء کا عمل اگلے چھ سے بارہ ماہ کے دوران مکمل کر لیا جائے گا۔

29 اپریل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ جرمنی میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرنے پر غور کر رہی ہے اور جلد ہی اس حوالے سے فیصلہ کر لیا جائے گا۔ 30 اپریل کو انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نہ صرف جرمنی بلکہ اٹلی اور ہسپانویہ میں بھی امریکی فوجیوں کی تعداد کم کر سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اس اقدام کی وجہ تو نہیں بتائی، لیکن یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے ایران کے خلاف واشنگٹن کی فوجی مہم کی تنقید کی تھی۔ ٹرمپ نے مرز پر الزام لگایا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ “ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہونا ٹھیک ہے”۔