اسلام آباد (صداۓ روس)
بلوچستان کے ضلع سبی کے قریب ڈھاڈر کے علاقے مشکاف میں نایاب نسل کے (تیندوے کی موجودگی کی تصدیق کے بعد محکمہ جنگلات نے مقامی آبادی اور مالداروں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے ذرائع کے مطابق مشکاف ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع دشوار گزار پہاڑی سلسلہ “ریخبی” میں یہ نایاب جانور دیکھا گیا ہے۔ یہ علاقہ ڈھاڈر شہر سے بائیں جانب واقع ہے جہاں بلند پہاڑ اور ویران علاقے جنگلی حیات کے لیے موزوں ہیں۔ حکام نے مقامی مالداروں اور چرواہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مویشی چرانے کے دوران مکمل احتیاط برتیں اور رات کے اوقات میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں تاکہ کسی ممکنہ حملے سے بچا جا سکے۔ محکمہ جنگلات نے علاقے میں نگرانی بڑھا دی ہے اور چیتے کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ مقامی افراد سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ جنگلی جانور کو نقصان نہ پہنچائیں بلکہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔