پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی، پیٹرول 299 اور ڈیزل 311 روپے فی لیٹر

Petrol pump Petrol pump

اسلام آباد (صداۓ روس)

حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔

اہم قیمتیں

پیٹرول

373 → 299 روپے فی لیٹر

ڈیزل

378 → 311 روپے فی لیٹر

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا، اسے پورا کیا جا رہا ہے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا مکمل فائدہ عوام کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف نے عوام کے صبر و تحمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں شہریوں نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بحران کے دوران اپنے وسائل سے تیل کی قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی لانے کی کوشش کی اور غریب و متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبسڈیز بھی دی گئیں۔

وزیراعظم کے مطابق ترقیاتی بجٹ میں بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے ذریعے 129 ارب روپے استعمال کیے گئے تاکہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خطے میں کشیدہ معاشی صورتحال کے باوجود پاکستان میں ایندھن کی قلت پیدا نہیں ہونے دی گئی اور نہ ہی عوام کو لمبی قطاروں یا راشننگ کا سامنا کرنا پڑا۔ شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ایک تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور حکومتی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اس کی اولین ترجیح ہے اور آئندہ بھی عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست صارفین تک پہنچایا جائے گا۔