ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر پوتن کے خصوصی نمائندے اور روسی براہِ راست سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ کریل دمترییف نے کہا ہے کہ روس اور جرمنی مشترکہ طور پر نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن کو دوبارہ کھول سکتے ہیں۔ کریل دمترییف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جرمن جماعت آلٹرنیٹو فار جرمنی کے شریک سربراہ ٹینو کروپالا کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روس اور جرمنی مل کر نورڈ اسٹریم کو دوبارہ کھولیں گے۔ ٹینو کروپالا نے نورڈ اسٹریم اور نورڈ اسٹریم 2 پائپ لائنوں میں 2022 میں ہونے والی تخریب کاری کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور دونوں پائپ لائنوں کی مرمت کرکے انہیں دوبارہ فعال کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
کریل دمترییف نے کہا کہ آلٹرنیٹو فار جرمنی جرمن عوام کی آواز ہے اور جرمنی کی توانائی خودمختاری، خوشحالی، امن اور تعاون کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔ 26 ستمبر 2022 کو نورڈ اسٹریم پائپ لائن کی تین شاخوں اور نورڈ اسٹریم 2 پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ روس کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے واقعے کے سلسلے میں بین الاقوامی دہشت گردی کے اقدام کے تحت فوجداری مقدمہ قائم کیا تھا۔