فیفا ورلڈ کپ 2026ء کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء کیلئے تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔ فیفا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آئندہ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالرز، یعنی تقریباً 18 ارب پاکستانی روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، جو کسی بھی سابقہ ورلڈ کپ کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل فیفا ورلڈ کپ 2022ء میں مجموعی طور پر 44 کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی تھی، جبکہ 2026ء کے ایڈیشن میں یہ رقم ریکارڈ سطح تک پہنچا دی گئی ہے۔ فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026ء کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالرز کی خطیر انعامی رقم دی جائے گی، جو پچھلے ایڈیشن میں 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز تھی۔ اعلامیے کے مطابق رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز، تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ اور چوتھے نمبر کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔ اسی طرح پانچویں سے آٹھویں پوزیشن کی ٹیموں کو 1 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز ملیں گے، جبکہ نویں سے سولہویں پوزیشن کی ٹیموں کیلئے 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔
فیفا کے اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سترہویں سے بتیسویں پوزیشن پر آنے والی ہر ٹیم کو 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز ملیں گے، جبکہ تینتیسویں سے اڑتالیسویں پوزیشن پر آنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ فٹ بال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو تیاریوں کے اخراجات کیلئے اضافی 15 لاکھ ڈالرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ فٹ بال ورلڈ کپ 2026ء اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہو گا، جس میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہ میگا ایونٹ نہ صرف انعامی رقم کے لحاظ سے بلکہ ٹیموں اور میچز کی تعداد کے اعتبار سے بھی فٹ بال کی تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ قرار دیا جا رہا ہے۔