جوابی اقدام، رومانیہ کے دو سفارتکار ملک بدر، روسی وزارت خارجہ
ماسکو(صداۓ روس)
روس نے رومانیہ کے دو سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام اُس وقت سامنے آیا ہے جب رومانیہ نے بخارسٹ میں تعینات روسی سفارتکاروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق یہ کارروائی مکمل طور پر جوابی نوعیت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ 9 اپریل کو روس میں رومانیہ کی ناظم الامور لیلیانا برڈا کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا، جہاں انہیں رومانیہ کے دفاعی اتاشی اور ان کے نائب کو “ناپسندیدہ شخصیت” قرار دیے جانے سے متعلق ایک سفارتی نوٹ دیا گیا۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام رومانیہ کی جانب سے بخارسٹ میں روسی سفارتخانے کے دفاعی اتاشی اور ان کے معاون کو بلاجواز ناپسندیدہ قرار دیے جانے کے فیصلے کے جواب میں کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 5 مارچ کو رومانیہ کی وزارت خارجہ نے روس کی ناظم الامور یلینا کوپنینا کو طلب کر کے آگاہ کیا تھا کہ روسی دفاعی اتاشی اور ان کے معاون کو ایسی سرگرمیوں کے باعث ملک بدر کیا جا رہا ہے جو 1961 کے ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کے تقاضوں کے منافی ہیں۔ روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے کہا ہے کہ رومانیہ اپنے اندرونی سیاسی بحران کا الزام روس پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ اس صورتحال سے توجہ ہٹائی جا سکے۔