روس کا یوکرین سے اپنے سفارت کار نکالنے کا فیصلہ
ماسکو(صداۓ روس)
روس نے یوکرین سے اپنے کچھ سفارتی اہلکاروں کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماسکو کا کہنا ہے کہ اسے ممکنہ اشتعال انگیزی کا خدشہ ہے۔ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے کہ جب امریکہ، برطانیہ اور کئی دوسرے ممالک نے کیف میں اپنے سفارتخانوں سے سفارتی عملے اور خاندان کے افراد کو نکالنا شروع کیا، ماسکو نے ہفتے کے روز کہا کہ مغربی ممالک نے ارادی طور پر اشتعال انگیزی کا منصوبہ بنایا ہوا ہے جسے روس سے چھپایا گیا گیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہم ایک نتیجہ اخذ کر رہے ہیں کہ امریکی اور برطانوی ساتھی ممکنہ طور پر یوکرین میں تیار کی جانے والی بعض پرتشدد کارروائیوں سے آگاہ ہیں جو سکیورٹی کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
کیف یا تیسرے ممالک کی طرف سے ممکنہ اشتعال انگیزی کے خوف سے ہم نے یوکرین میں اپنے مشنز کے عملے کے انخلا بارے میں فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے اس سے قبل امریکہ نے ہفتے کے روز کیف میں اپنے سفارت خانے سے عملے کو نکالنے کا حکم دیا اور امریکیوں کو یوکرین کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا۔