روس کی ایران کو جدید اینٹی جامنگ ڈرونز دینے کی پیشکش، رپورٹ

Russian drone Russian drone

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے ایک خفیہ دستاویز کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ Vladimir Putin کی حکومت نے ایران کو ایسے جدید ڈرونز اور ان کے آپریشن کی تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے جنہیں الیکٹرانک جامنگ کے ذریعے ناکارہ بنانا انتہائی مشکل ہے۔ رپورٹ کے مطابق خفیہ دستاویز میں ایران کو پانچ ہزار مختصر فاصلے تک مار کرنے والے فائبر آپٹک ڈرونز فراہم کرنے کی تجویز شامل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ڈرونز خلیج فارس اور دیگر حساس علاقوں میں امریکی اور اتحادی افواج کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں، جس سے خطے میں عسکری توازن مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ روسی فوجی انٹیلی جنس ایجنسی GRU کی جانب سے تیار کردہ دس صفحات پر مشتمل ایک خفیہ تجویز پر مبنی ہے، جو ایران کے سامنے پیش کیے جانے کے لیے تیار کی گئی تھی۔

دی اکانومسٹ کے مطابق اس سے قبل عمومی طور پر یہ سمجھا جاتا تھا کہ روس صرف انٹیلی جنس معلومات فراہم کر رہا تھا، جن کی مدد سے ایران مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کر رہا تھا، تاہم پہلی مرتبہ جدید ہتھیاروں اور بڑے پیمانے پر ڈرونز کی ممکنہ فراہمی کا ذکر سامنے آیا ہے۔