ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس نے مشرق وسطیٰ میں عیسائی آبادی کی صورتحال پر ہمیشہ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اس پر گہری توجہ دی ہے۔
یہ بات انہوں نے یروشلم کے پطریرک تھیوفیلس سوم اور ماسکو و آل روس کے پطریرک کرل سے بات چیت کے دوران کہی۔ پوتن نے کہا کہ روس روایتی طور پر مشرق وسطیٰ میں عیسائیوں اور عیسائی آبادی کی صورتحال پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔
انہوں نے پطریرک تھیوفیلس سوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ آپ کی صورتحال بھی مشکل ہے، کیونکہ خطے کی حالت کافی پیچیدہ ہے۔ تاہم روسی رہنما نے نوٹ کیا کہ یروشلم آرتھوڈوکس چرچ مقامی حکام کی معاونت سے بخوبی کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی جانب سے تعلقات کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس موقع پر پوتن نے پطریرک تھیوفیلس سوم کو روس کے ساتھ دوستی، تعاون اور روحانی روابط مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر “آرڈر آف فرینڈشپ” پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز پیش کرنا میرے لیے بہت بڑی خوشی کی بات ہے اور پطریرک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔