ماسکو (صداۓ روس)
ماسکو نے یوکرین میں جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے مبینہ منصوبوں سے متعلق الزامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ روسی سفیر برائے خصوصی امور اندرے بیلوسوف نے کہا کہ روس یوکرین میں جوہری ہتھیار استعمال کرنے یا ان کے استعمال کی دھمکی دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قیاس آرائیاں قرار دیا۔ انہوں نے نیوکلیئر غیر پھیلاؤ معاہدے (NPT) کے 11ویں ریویو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمیں یہ ضروری سمجھتے ہیں کہ اس بے بنیاد قیاس آرائی کی تردید کریں کہ روس مبینہ طور پر یوکرین میں جوہری ہتھیار استعمال کرنے پر غور کر رہا ہے یا ان کے استعمال کی دھمکی دے رہا ہے۔ واضح طور پر یہ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے تاکہ روس مخالف ہسٹیریا کو ہوا دی جا سکے۔
سفارتکار نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو جوہری ہتھیار رکھنے والے مخالفین کے درمیان کسی بھی مسلح تصادم کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ اس سے صورتحال جوہری سطح تک بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا روس تناؤ میں اضافے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ جوہری ہتھیار کبھی استعمال نہ ہوں، یہی ہمارا بہترین مفاد ہے۔”