روس کو جوہری تجربات کی تیاری کرنی چاہیے، روسی وزیرِ دفاع

Andrey Belousov Andrey Belousov

روس کو جوہری تجربات کی تیاری کرنی چاہیے، روسی وزیرِ دفاع

ماسکو(صداۓ روس)
روس کے وزیرِ دفاع آندرے بیلوسوف نے کہا ہے کہ ملک کو امریکہ کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کے منصوبے کے ردِعمل میں مکمل پیمانے پر جوہری تجربات کی تیاری کرنی چاہیے۔ بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں صدر ولادیمیر پوتن کو بریفنگ دیتے ہوئے بیلوسوف نے کہا روس کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں واشنگٹن کے اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔ مناسب یہی ہے کہ ہم فوری طور پر مکمل جوہری تجربات کی تیاری شروع کریں۔ صدر پوتن نے اس موقع پر کہا کہ روس جامع جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے (CTBT) کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے، تاہم یہ مشروط ہے کہ دوسرے ممالک بھی معاہدے کی خلاف ورزی نہ کریں۔
انہوں نے خبردار کیا اگر امریکہ یا دیگر رکن ممالک ایسے تجربات کرتے ہیں، تو روس بھی لازمی طور پر مناسب جوابی اقدامات کرے گا۔ پوتن نے وزارتِ دفاع اور وزارتِ خارجہ سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کو ہدایت دی کہ وہ امریکہ کے جوہری تجربات کے منصوبوں سے متعلق تمام معلومات اکٹھی کریں اور روس میں ممکنہ تیاری کے بارے میں تجاویز پیش کریں۔ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ جنگ (Department of War) کو ہدایت دی تھی کہ وہ جوہری تجربات کی تیاری شروع کرے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ واحد ملک ہے جو تجربات نہیں کر رہا۔ انہوں نے روس اور چین پر خفیہ جوہری دھماکوں کے الزامات بھی عائد کیے تھے، جنہیں ماسکو اور بیجنگ دونوں نے سختی سے مسترد کر دیا۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے سربراہ رافائل گروسی نے بھی واضح کیا کہ ایجنسی کے پاس کسی بھی ملک کے حالیہ جوہری دھماکوں کے ثبوت موجود نہیں ہیں۔ ٹرمپ کے بیان کے بعد کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا تھا کہ ماسکو اب بھی امریکہ سے ان بیانات کے بارے میں وضاحت کا منتظر ہے تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ امریکی صدر کے اعلانات کا حقیقی مطلب کیا ہے۔