چین، شمالی کوریا، منگولیا اور قزاقستان تک سڑکیں تعمیر کریں گے، صدر پوتن
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ حکومت چین، شمالی کوریا، منگولیا اور قزاقستان کی سرحدوں تک رسائی فراہم کرنے والی شاہراہوں کی تعمیر پر غور کر رہی ہے تاکہ ملک کی بین الاقوامی تجارتی و ترسیلی صلاحیتوں کو بڑھایا جا سکے۔ یہ بات صدر پوتن نے ایم–12 مشرقی شاہراہ کے افتتاح کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا ہم مشرقی راستے کی ترقی کو فعال انداز میں جاری رکھیں گے۔ اس کا دائرہ کار تیومین تک وسیع کیا جائے گا اور اسے سائبیریا اور مشرق بعید کے جدید روڈ نیٹ ورک سے جوڑا جائے گا۔ یہی وہ نکتہ ہے جس کی جانب میں نے اشارہ کیا کہ اس حصے کے افتتاح سے کہیں زیادہ کچھ ہونے والا ہے۔”
صدر پوتن نے کہا کہ حکومت ایسے موٹرویز کی تعمیر پر غور کر رہی ہے جو روس کو قزاقستان، منگولیا، چین، اور جمہوری عوامی جمہوریہ کوریا (شمالی کوریا) سے زمینی طور پر جوڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا یہ منصوبہ ہماری ترسیلی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا اور اس شاہراہ کو بین الاقوامی ٹرانسپورٹ نظام کا ایک اہم، مسابقتی اور لاجسٹک راستہ بنائے گا۔ روسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف روس کی مشرقی معیشت کو تقویت دیں گے بلکہ یوریشیائی خطے میں روس کی اسٹریٹجک رسائی کو بھی مزید بڑھائیں گے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مغربی پابندیوں کے سبب روس مشرقی اور ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کو گہرا کر رہا ہے۔