روس اسلامی بینکنگ کو مزید وسعت دے گا

KAZANFORUM 2025 KAZANFORUM 2025

قازان (اشتیاق ہمدانی )

روس نے اسلامی بینکنگ کے پائلٹ پروگرام کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ شریعت کے مطابق مالی خدمات کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے بینک ’سبیر‘ کے سینئر نائب صدر اولگ گنیف نے قازان فورم میں بتایا کہ اسلامی بینکنگ (پارٹنر فنانسنگ) کے پروڈکٹس خاص طور پر روزمرہ بینکنگ خدمات جیسے اکاؤنٹس، ادائیگیاں، کارڈز اور ڈپازٹس میں سب سے زیادہ مانگ ہے۔ بینک نے شرعی اصولوں کے مطابق ڈیجیٹل سکوک (اسلامک بانڈز) بھی متعارف کرائے ہیں۔
یاد رہے کہ روس نے 2023 میں تاتارستان سمیت چار مسلم اکثریتی علاقوں میں اسلامی بینکنگ کا پائلٹ پروگرام شروع کیا تھا، جسے اب 2028 تک بڑھا دیا گیا ہے۔ روس میں تقریباً 2 کروڑ مسلمان آباد ہیں جن میں سے 20 لاکھ سے زائد تاتارستان میں رہتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسلامی بینکنگ کے شعبے میں ابھی واضح ضوابط اور یکساں معیار کی کمی ہے۔ تاہم روس کی سٹیٹ ڈوما کی فنانشل مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین اناتولی اکساکوف نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر پہلا اسلامی بینکنگ معیار متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ تاتارستان کے معاشی وزیر Midhat Shagiakhmetov نے بتایا کہ ان کی ریاست 15 سال سے اسلامی فنانس پر کام کر رہی ہے اور فی الحال 35 شرعی مصنوعات دستیاب ہیں۔ روس کے پائلٹ پروگرام کے تحت ہونے والے نصف سے زائد لین دین تاتارستان میں ہو رہے ہیں۔