روس کی اسٹیٹ نیوز ایجنسی روسیا سیگودنیا کا پاکستان آبزروور کے ساتھ شراکت داری
اسلام آباد (صداۓ روس)
روس کی اعلیٰ ترین سرکاری نیوز ایجنسی روسیا سیگودنیا (جس میں RIA نووستی اور اسپوٹنک شامل ہیں) نے جمعہ کے روز پاکستان آبزروور کے ساتھ ایک نمایاں شراکت داری کا آغاز کیا۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ شراکت داری کے تحت خبری مواد کے تبادلے، جعلی خبروں اور پروپیگنڈا کے خلاف اقدامات، اور سب سے اہم، عوامی روابط کو مضبوط بنانا شامل ہے۔ اس اقدام کے ذریعے دونوں ممالک کے شہریوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور میڈیا کے ذریعے باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ روسیا سیگودنیا کے ترجمان نے کہا کہ اس شراکت داری سے خبری کورج کو بہتر بنانے، شفاف اور درست معلومات فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ پاکستان آبزروور کے نمائندے نے بھی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے ذریعے عوام کو قریب لانا اور سچائی پر مبنی خبریں فراہم کرنا اس معاہدے کا سب سے اہم مقصد ہے۔
اس معاہدے کے تحت دونوں میڈیا ہاؤسز انگریزی، عربی اور چینی زبانوں میں مواد کا تبادلہ کریں گے، اور باہمی اتفاق رائے سے مشترکہ انفارمیشنل ایونٹس، سیمینارز، ورکشاپس اور پریس کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ یہ قدم روس اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جہاں میڈیا کو عوامی سطح پر اعتماد اور سمجھ بوجھ بڑھانے کا اہم ذریعہ سمجھا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جعلی خبروں کے دور میں ایسے معاہدے دونوں ممالک کی ساکھ اور درست معلومات کی ترسیل کو یقینی بنائیں گے۔