پاکستان کی امریکا کیلئے ڈائریکٹ پروازوں کا امکان پھر روشن

PIA PIA

پاکستان کی امریکا کیلئے ڈائریکٹ پروازوں کا امکان پھر روشن

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کے معاملے پر بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (FAA) کی ٹیم جنوری میں پاکستان آئے گی اور ایک بار پھر سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) سمیت پاکستانی ایئرلائنز کا تفصیلی آڈٹ کرے گی۔ سول ایوی ایشن نے تمام متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان کو تیار رہنے کی ہدایت دے دی ہے جبکہ امریکی ٹیم طیاروں کی مینٹیننس، فلائٹ آپریشنز اور سیفٹی اسٹینڈرڈز کا جائزہ لے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈٹ میں ان طیاروں کا خصوصی معائنہ بھی کیا جائے گا جو ممکنہ طور پر پاکستان سے امریکا پروازوں میں استعمال ہوں گے۔ امریکی ایوی ایشن کے آڈٹ کی کامیاب تکمیل کے بعد پاکستانی ایئرلائنز کی ڈائریکٹ پروازیں بحال ہونے کا امکان پیدا ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ امریکی ٹیم نے ستمبر میں بھی پاکستانی سول ایوی ایشن اور ایئرلائنز کا ایک مرحلہ وار آڈٹ مکمل کیا تھا۔