اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر نئی تعمیرات پر عارضی پابندی عائد

Naran Kaghan

خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر نئی تعمیرات پر عارضی پابندی عائد

پشاور(صداۓ روس)
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے معروف سیاحتی مقامات پر نئی تعمیرات پر عارضی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد ان علاقوں کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا ہے۔ اس اہم فیصلے کا اعلان چیف سیکرٹری کے پی کے شہاب علی شاہ نے ایک اجلاس کے دوران کیا۔ چیف سیکرٹری کے مطابق، اس فیصلے کے تحت نئی تعمیرات کے لیے جاری کردہ تمام این او سیزکو فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف سیاحتی علاقوں کی اصل فطری خوبصورتی کو بچانے کے لیے ضروری ہے بلکہ ماحولیاتی تحفظ، نکاسی آب کے ناقص نظام اور بڑھتی ہوئی تجاوزات جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے بھی ناگزیر ہو چکا تھا۔

شہاب علی شاہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے مقبول سیاحتی مقامات جیسے ناران، کاغان، گلیات، کالام، مالم جبہ اور کمراٹ میں بے ہنگم اور غیر منصوبہ بند تعمیرات کی بھرمار نے نہ صرف قدرتی نظاروں کو متاثر کیا ہے بلکہ ماحولیاتی نظام پر بھی دباؤ ڈالا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سرگرمیاں ماسٹر پلان کے تحت کی جائیں اور ہر قسم کی تعمیراتی منصوبہ بندی میں ماحولیاتی تشخیص کو لازمی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کو فروغ دینا صوبائی حکومت کی ترجیح ہے، لیکن یہ فروغ پائیدار ترقی کے اصولوں سے ہٹ کر نہیں ہو سکتا۔

چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب سے سیاحتی علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں سے قبل عوامی مشاورت اور ماہرین ماحولیات کی تجاویز کو ترجیح دی جائے گی تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے یہ علاقے محفوظ رہ سکیں۔ خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف پہاڑی اور سرسبز علاقے ہر سال لاکھوں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ تاہم حالیہ برسوں میں غیر قانونی تعمیرات، جنگلات کی کٹائی، اور نکاسی آب کی سہولیات کی عدم موجودگی نے ان علاقوں کو شدید ماحولیاتی خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے لیے گئے اس اقدام کو ماحولیاتی ماہرین اور سیاحت سے وابستہ حلقوں کی جانب سے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو سیاحت کے شعبے میں پائیدار ترقی کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔

Share it :