روسی فوج کا کیف میں اومیگا ٹیلی کام اور کییف اسٹار کے ڈیٹا مراکز پر حملہ

Russian air force Russian air force

ماسکو (صداۓ روس)

روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں اومیگا ٹیلی کام اور کییف اسٹار کے دو ڈیٹا مراکز کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق 27 ستمبر کی سہ پہر کیے گئے ڈرون حملوں کے نتیجے میں کیف میں اومیگا ٹیلی کام کا ڈیٹا مرکز اور کییف اسٹار کا ڈیٹا مرکز متاثر ہوا۔ وزارت کے مطابق کییف اسٹار یوکرین کی مسلح افواج کو موبائل مواصلات اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی خدمات فراہم کرنے والی بڑی کمپنیوں میں شامل ہے۔
روسی وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ اوڈیسا میں نووا پوسٹا کے ایک لاجسٹکس مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں فوجی سامان ذخیرہ کیا گیا تھا۔ وزارت کے مطابق سمندر کے راستے اوڈیسا بندرگاہ کی جانب یوکرینی مسلح افواج کے لیے فوجی سازوسامان اور دوہرے استعمال کا سامان لے جانے والے ایک مال بردار بحری جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

وزارت دفاع نے کہا کہ روسی فوج نے یوکرین میں فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے اور ایندھن و توانائی کے مراکز کو بھی نشانہ بنایا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق خصوصی فوجی آپریشن کے علاقے میں 149 مقامات پر یوکرینی مسلح افواج کے عارضی تعیناتی مراکز بھی روسی فوجی کارروائیوں کا نشانہ بنے۔