اطلاعات ہیں روس کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کرسکتا ہے، امریکہ
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکہ نے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں روس کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کرسکتا ہے. امریکی وزارت دفاع پنٹاگون کے ترجمان جان کربی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران دعوی کیا کہ روس بدستور یوکرین کے ساتھ اپنی سرحد میں اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا رہا ہے۔ اس لئے کسی بھی وقت روس یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ اور بعض یورپی ممالک اپنے مفادات کے تحت یوکرین اور روس کے مابین کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں،امریکہ جو مشرق میں اپنی حریف بڑی طاقت روس پردباؤ ڈالنے کے لئے ہمیشہ ہی کوئی نہ کوئی حیلہ بہانا اور راستہ تلاش کرتا رہتا ہے۔
امریکہ نے اس وقت یہ دعوی کرتے ہوئے کہ یوکرین کی سرحدوں پر روسی فوجیوں کی موجودگی اس ملک کے لئے ایک خطرہ شمار ہوتی ہے، اس علاقے میں کشیدگی پیدا کرنے اور روس پر دباؤ ڈالنے کے لئے نئے بہانے کی تلاش میں ہے جبکہ روس نے بارہا اعلان کیا ہے کہ یوکرین کی سرحدوں سے ملحقہ علاقوں میں اس کے فوجی اقدامات معمول کی کارروائی ہیں، لیکن امریکہ اوراس کے اتحادی بدستور روس یوکرین سرحد کے حالات کشیدہ ظاہرکرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔