ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
مصر میں ایک ہولناک ٹرین تصادم میں سات افراد جاں بحق اور 110 زخمی ہو گئے، جبکہ حادثے کے باعث مسافر ٹرین کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے۔
مصری ریلوے کے مطابق حادثہ اتوار کو قاہرہ کے جنوب میں جیزہ صوبے کے ضلع العیاط میں پیش آیا، جہاں ایک مسافر ٹرین دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے جا ٹکرائی۔ وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق فیوم جانے والی ٹرین جنوبی صوبے اسوان جانے والی ٹرین سے ٹکرائی۔ ابتدائی معائنے سے ظاہر ہوا کہ جیزہ فیوم ٹرین قاہرہ اسوان ٹرین کے آخری ڈبے سے ٹکرائی، جو اسی پٹری پر اسی سمت میں کھڑی تھی۔
جائے حادثہ کی فوٹیج میں پٹری سے اترے ہوئے ڈبے اور مڑا تڑا ملبہ دکھائی دیتا ہے، جبکہ امدادی کارکن اور مقامی لوگ ڈبوں میں پھنسے مسافروں کی مدد کے لیے کوشاں ہیں۔ ہنگامی عملے نے پٹری صاف کرنے کے لیے کرینیں بھی منگوائیں۔ وزارت صحت نے ابتدا میں چار ہلاکتوں کا بتایا تھا جو بعد میں بڑھ کر سات ہو گئیں۔ جاں بحق افراد میں ٹرین کے ایک کنڈکٹر بھی شامل ہیں۔
صدر عبدالفتاح السیسی نے تصادم کی فوری تحقیقات کا حکم دیا اور عہد کیا کہ غفلت کے ذمہ دار پائے جانے والے ہر شخص کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
العیاط کا ضلع 2002 میں مصر کے مہلک ترین ریلوے حادثے کا مقام بھی رہا ہے، جب ایک بھری ہوئی مسافر ٹرین میں آگ بھڑکنے سے 370 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔