ایرانی مطالبات ناقابل قبول اور غیر حقیقی ہیں، امریکی وزیر خارجہ

Marco Rubio Marco Rubio

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور دونوں فریق کسی کامیابی کے قریب نہیں ہیں۔ پیرس میں جی 7 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں روبیو نے کہا کہ ان کے پاس ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کی کوئی اطلاع نہیں۔ ان کے مطابق کئی ممالک مختلف تجاویز کے ساتھ ایران سے رابطے میں ہیں، مگر وہ یہ نہیں کہیں گے کہ فریقین کسی کامیابی کے دہانے پر ہیں۔ روبیو نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ ایران سمیت ہر تنازع کو سفارتی طریقے سے حل کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ہمیشہ اس اور ہر مسئلے کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کو ترجیح دیں گے، بدقسمتی سے بعض اوقات یہ ممکن نہیں ہوتا، لیکن اگر موقع ہو تو ہم اس کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے ایران کے مطالبات کو ناقابل قبول، بلکہ غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی عمل اس وقت زیادہ نتیجہ خیز نہیں رہا، کیونکہ ایرانی مطالبات صرف ناقابل قبول ہی نہیں بلکہ بعض صورتوں میں انتہائی حد سے بڑھے ہوئے اور مضحکہ خیز ہیں، اور حقیقت سے دور ہیں۔

روبیو نے یہ بات اتوار کو فلوریڈا کے ہومسٹیڈ ایئر ریزرو بیس پر کہی، جہاں سے وہ جی 7 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے لیے پیرس روانہ ہوئے۔ یہ اجلاس پیر اور منگل کو ہو رہا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد جنگ ختم کرنے کے مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب ٹرمپ نے سی این این کو فون پر انٹرویو میں کہا کہ جب تک امریکا کو مذاکرات میں پیش رفت دکھائی دے اور تہران مضبوط معاہدے پر دستخط کر دے، حملے دوبارہ شروع کرنا غالباً ضروری نہیں ہوگا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ فوجی کارروائی بحال ہوئی تو امریکا نے 38 پلوں سمیت بنیادی ڈھانچے کے اہداف کی نشاندہی کر رکھی ہے۔ حالیہ دنوں میں امریکا نے آبنائے ہرمز میں واقع ایرانی جزیرے قشم پر محدود حملے کیے ہیں، اور ٹرمپ نے جمعے کو تصدیق کی کہ امریکی افواج نے ایران کے فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔ روبیو کے مطابق مستقبل کی امریکی کارروائیوں کا انحصار خطے میں امریکی افواج یا جہاز رانی کو لاحق خطرے کی سطح پر ہوگا۔