اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

برطانیہ کا پاکستانی ایئرلائنز پر عائد سفری پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ

PIA

برطانیہ کا پاکستانی ایئرلائنز پر عائد سفری پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (صداۓ روس)
برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد طویل المدتی سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز اب دوبارہ برطانیہ کے لیے پروازوں کی درخواست دے سکتی ہیں۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط کی بحالی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز کو برطانیہ کے لیے پروازوں کے آغاز سے قبل یوکے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنا ہوگی۔ برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس فیصلے کو “آزاد، شفاف اور تکنیکی بنیادوں پر مبنی عمل کا نتیجہ” قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد پاکستانی ایئر لائنز کے ذریعے سفر کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خاندانوں کے ملاپ، تجارتی سرگرمیوں اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ ملے گا۔ واضح رہے کہ جون 2020ء میں برطانیہ اور یورپی یونین نے پاکستانی ایئر لائنز پر پابندی عائد کر دی تھی، جس کی وجہ مئی 2020ء میں کراچی میں پیش آنے والا پی آئی اے طیارہ حادثہ اور اس کے بعد اُس وقت کے وزیر ہوا بازی کا پارلیمنٹ میں یہ اعتراف تھا کہ ایک تہائی کمرشل پائلٹس کے لائسنس جعلی ہیں۔ اس انکشاف نے دنیا بھر میں پاکستان کی ہوا بازی کے شعبے کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔

تاہم پاکستان نے بین الاقوامی معیارات کے مطابق اصلاحاتی اقدامات کیے، اور مسلسل سفارتی و تکنیکی کوششوں کے بعد نومبر 2023ء میں یورپی یونین نے پاکستانی پروازوں پر عائد پابندی ختم کر دی تھی۔ اب برطانیہ کی جانب سے بھی یہ قدم پاکستانی ہوا بازی کے شعبے کے لیے اعتماد کی بحالی کا ایک اہم اشارہ ہے۔ ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف پاکستانی ایئر لائنز کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو وسعت ملے گی بلکہ پاکستان کی معیشت، سیاحت اور تارکین وطن کی نقل و حرکت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

Share it :