ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
برطانوی پولیس نے جنوب مغربی انگلینڈ میں امریکی فضائیہ کے زیر استعمال ایک اہم فضائی اڈے کے قریب بڑے سکیورٹی واقعے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ کئی مکانات خالی کرا لیے گئے ہیں۔ گلوچسٹر شائر پولیس کے مطابق فضائی اڈے کے قریب واقع علاقے وہیلفورڈ میں متعدد املاک کو احتیاطی طور پر خالی کرایا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ کئی افراد کو دھماکا خیز مواد سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق برطانوی فوج کی ماہر بارودی مواد تلف کرنے والی ٹیم متعدد گاڑیوں کی جانچ کر رہی ہے۔ واقعے کے بعد فضائی اڈے کے مرکزی دروازے تک رسائی مسلح پولیس اہلکاروں نے روک دی، جبکہ قریب واقع فیئر فورڈ گاؤں میں پولیس گاڑیوں، ایمبولینسوں اور فائر بریگیڈ سمیت تقریباً 30 ہنگامی گاڑیاں موجود رہیں۔
برطانوی حکومت نے امریکی فضائیہ کو رائل ایئر فورس فیئر فورڈ اڈے کو آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے کرنے والے ایرانی میزائل ٹھکانوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ امریکی فضائیہ کے ترجمان نے مخصوص حفاظتی اقدامات پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ 501ویں جنگی معاونت ونگ اور برطانیہ میں موجود دیگر امریکی یونٹس چوکس ہیں اور امریکی فوجیوں، شہری اہلکاروں، ٹھیکیداروں اور ان کے اہل خانہ کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکی حکام مسلسل مختلف عوامل کا جائزہ لیتے ہیں تاکہ اپنے فوجی اڈوں، اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے تحفظ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات کیے جاسکیں۔
برطانیہ نے جولائی میں کہا تھا کہ اس کی مسلح افواج کسی بھی حملے سے ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ اس سے قبل ایران کے پاسداران انقلاب نے برطانیہ کو خبردار کیا تھا کہ وہ امریکی بمبار طیاروں کو فیئر فورڈ فضائی اڈے سے پرواز کرنے کی اجازت نہ دے۔ برطانوی حکومت نے حالیہ عرصے میں اہم بنیادی ڈھانچے کے اداروں کو روس سے لاحق ممکنہ خطرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا ہے۔ برطانوی حکام کو ممکنہ تخریبی کارروائیوں اور سائبر حملوں پر تشویش ہے، تاہم روس مغربی ممالک کے خلاف ایسی کارروائیوں کے الزامات کی تردید کرتا ہے۔