روس نے یوکرینی فوجیوں کو ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا، پوکروسک اور کوپیانسک میں گھیراؤ مکمل
ماسکو(صدائے روس)
روسی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین کے شہر پوکروسک اور کوپیانسک میں محصور یوکرینی فوجیوں کو ہتھیار ڈال دینا چاہیے، کیونکہ ان کے پاس زندہ بچنے کا کوئی اور راستہ باقی نہیں رہا۔ وزارتِ دفاع کے مطابق روسی افواج پوکروفسک کے شمالی حصے میں تیزی سے پیش قدمی کر رہی ہیں اور پورے شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کے قریب ہیں۔ دوسری جانب یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ ان کے یونٹ روسی پیش قدمی روکنے کے لیے سخت مزاحمت کر رہے ہیں۔ یوکرینی حکام نے تسلیم کیا ہے کہ ان کے دستے مشرقی محاذ پر نہایت مشکل صورتِ حال کا سامنا کر رہے ہیں۔ پوکروفسک ایک وقت میں یوکرینی فوج کے لیے اہم نقل و حمل اور لاجسٹک مرکز سمجھا جاتا تھا، جسے روس گزشتہ ایک سال سے آزاد کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔
روسی حکام کے مطابق پوکروفسک شہر کی فتح سے روس کو یوکرین کے مشرقی صنعتی خطے ڈونباس کے باقی 10 فیصد علاقے (تقریباً 5 ہزار مربع کلومیٹر) پر قبضے کا راستہ مل جائے گا، جو جنگ کے آغاز سے روس کے اہم اہداف میں شامل ہے۔ دوسری جانب یوکرین کے ایک ڈرون حملے میں روس کے یاروسلاول ریجن میں تیل پمپنگ اسٹیشنز کو معمولی نقصان پہنچا ہے، جس کی تصدیق گورنر میخائل یورائیوف نے کی۔