ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
یو ایس ایس ابراہم لنکن خلیج عمان میں داخل ہو کر ایران کے ساحل سے تقریباً 200 کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا ہے، جسے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ کسی بھی امریکی بحری جہاز کی ایران کے قریب ترین آمد ہے، خاص طور پر اس وقت جب امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس کیریئر اسٹرائیک گروپ میں دو گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز بھی شامل ہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے ایران۔امریکا مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گئے تھے۔ ان مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت محمد باقر قالیباف جبکہ امریکی وفد کی سربراہی جے ڈی وینس نے کی تھی۔ مذاکرات کی ناکامی کے بعد امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف 13 اپریل سے ممکنہ سمندری ناکہ بندی کے اعلان نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ امریکی بحری موجودگی میں اضافہ صورتحال کو مزید حساس بنا رہا ہے۔