پاکستان کی ایران۔امریکا مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش

Islamabad Islamabad

اسلام آباد (صداۓ روس)

پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں سفارتی کردار کو مزید وسعت دیتے ہوئے مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش کر دی ہے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستانی حکام نے تجویز دی ہے کہ سیز فائر کی مدت ختم ہونے سے قبل فریقین کے درمیان اگلا دورِ مذاکرات اسلام آباد میں منعقد کیا جائے۔ رپورٹس کے مطابق مذاکرات کا دوسرا مرحلہ جمعرات کو متوقع ہے، جبکہ دونوں ممالک نئے بالمشافہ مذاکرات کے امکان پر بھی غور کر رہے ہیں۔ دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان رابطے بدستور جاری ہیں اور کسی ممکنہ معاہدے کی جانب پیشرفت کے آثار ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ پہلا دورِ مذاکرات 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا، جہاں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تقریباً 21 گھنٹے طویل بات چیت کے باوجود کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پا سکا۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور امریکی تجاویز ایران کے سامنے رکھ دی گئی ہیں، اب فیصلہ تہران کو کرنا ہے۔ ادھر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران ایک منصفانہ معاہدے کے لیے تیار ہے، جبکہ سرگئی لاوروف نے زور دیا ہے کہ نئی جنگ کو روکنا ناگزیر ہے اور اس بحران کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، روس تصفیے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔