امریکا و اسرائیل کی ایران پر بڑے حملوں کی تیاری، امریکی ویب سائٹ کا دعویٰ

F-35 F-35

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی خبر رساں ویب سائٹ ایکسیوس نے امریکی اور اسرائیلی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ سفارتی کوششیں کسی معاہدے پر نہ پہنچنے کی صورت میں امریکا اور اسرائیل امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر بڑے پیمانے پر حملوں کی تیاری کر رہے ہیں، جو ممکنہ طور پر ایک ہفتے تک جاری رہ سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ممکنہ فوجی کارروائیوں میں ایران کی قیادت، توانائی کے شعبے، جوہری تنصیبات اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق ثالث ایران کو اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ان جوہری تنصیبات تک اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو رسائی دے جنہیں ماضی میں امریکی اور اسرائیلی حملوں میں نقصان پہنچا تھا، اور اس کے بدلے ایران کو امریکی پابندیوں میں کچھ نرمی دینے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ ایک علاقائی ذریعے اور ایک امریکی عہدیدار نے ایکسیوس کو بتایا کہ ثالثوں نے تہران کو خبردار کیا ہے کہ ان تجاویز کو قبول کرنا امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد بڑے حملوں سے بچنے کا شاید واحد راستہ ہو سکتا ہے۔ ان تجاویز کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان اختلافات کم کرنا ہے۔ ایکسیوس کے حوالے سے ایک علاقائی ذریعے نے بتایا کہ ایران نے ثالثوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں ان تجاویز پر سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔