ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے اسلامی جمہوریہ ایران پر دوبارہ حملے کیے تو یورپی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈے بھی ایرانی جوابی کارروائی کا نشانہ بن سکتے ہیں، جس سے ممکنہ جنگ کا دائرہ مشرق وسطیٰ سے آگے پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے لبنان کے نشریاتی ادارے المیادین کو انٹرویو میں کہا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی نئے حملے کا جواب صرف خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ دور دراز علاقوں میں قائم اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یورپی ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہوئیں تو انہیں بھی ایرانی کارروائی کا ہدف بنایا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایران ان جزائر کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے جن کے بارے میں امریکا سمجھتا ہے کہ ایرانی میزائل وہاں تک نہیں پہنچ سکتے۔
رضائی نے ان ممالک کو بھی خبردار کیا جہاں امریکی فوجی دستے تعینات ہیں کہ وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں امریکا کو کسی قسم کی سہولت فراہم کرنے سے گریز کریں۔ ان کے الفاظ میں جہاں سے بھی امریکی طیارے اڑان بھریں گے اسے ہم اپنے خلاف خطرہ تصور کریں گے۔
ایرانی عہدیدار نے واضح کیا کہ تہران اس وقت امریکا کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنا افزودہ جوہری مواد کسی صورت ملک سے باہر منتقل نہیں کرے گا، اور اس کا ایک ذرہ بھی ملک سے باہر نہیں جائے گا۔ رضائی کے مطابق ایران کو جوہری توانائی سے چلنے والے جہاز اور آبدوزیں ڈیزائن کرنے کے لیے اس مواد کی ضرورت ہے، اور تہران نے ماسکو کو بھی آگاہ کر دیا ہے کہ مواد ملک میں رہے گا اور ایران اسے خود استعمال کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران حال ہی میں الیکٹرانک جنگ کے ذریعے پرواز کے دوران امریکی ڈرونز کا کنٹرول سنبھال کر سات ڈرون صحیح سلامت اتار چکا ہے۔
رضائی کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان براہ راست فوجی تصادم کے خدشات کو روکنے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے اندازے کے مطابق جون 2025 میں اسرائیل اور امریکا کے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کے وقت ایران کے پاس 60 فیصد تک افزودہ 440.9 کلوگرام یورینیم موجود تھا۔