افغانستان میں امریکی بدانتظامی سے 29 ارب ڈالر تک کا نقصان، رپورٹ میں انکشاف

US army US army

افغانستان میں امریکی بدانتظامی سے 29 ارب ڈالر تک کا نقصان، رپورٹ میں انکشاف

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
افغانستان میں طویل امریکی موجودگی کے دوران سنگین بدانتظامی، ناقص منصوبہ بندی اور غیر حقیقی اہداف کے باعث امریکہ کو 29 ارب ڈالر تک کا نقصان ہوا۔ یہ انکشاف بدھ کو جاری ہونے والی ایک جامع رپورٹ میں کیا گیا ہے، جو اگلے 17 برسوں پر محیط اس خصوصی تحقیق کا نتیجہ ہے جسے اسپیشل انسپکٹر جنرل فار افغانستان ری کنسٹرکشن (SIGAR) نے انجام دیا۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 1,327 کیسز میں ضیاع، دھوکہ دہی اور بدعنوانی سامنے آئی، جن کی مالیت 26 سے 29.2 ارب ڈالر تک بنتی ہے۔ اس میں سب سے زیادہ نقصان غیر مؤثر حکمتِ عملی، غلط استعمال ہونے والے اثاثوں، اور ناکام منصوبوں کے باعث ہوا۔ دھوکہ دہی کل رقم کا صرف 2 فیصد جبکہ بدسلوکی 4 فیصد تھی۔ SIGAR کے مطابق اگر مؤثر نگرانی اور شفاف پالیسی اپنائی جاتی تو کم از کم 4.6 ارب ڈالر بچائے جا سکتے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کو مستحکم اور جمہوری ریاست بنانے کا 20 سالہ امریکی مشن ابتدا ہی سے غیر حقیقی امیدوں کا شکار تھا۔ بدعنوان افغان حکومت، ناقص امریکی حکمتِ عملی، اور وسیع پیمانے پر غیر ذمہ دارانہ خرچ نے اس مشن کی بنیادوں کو کمزور کر دیا۔ واچ ڈاگ کے مطابق یہ جنگ آئندہ نسلوں کے لیے ایک ’’خبردار کرنے والی مثال‘‘ ہے کہ بڑے پیمانے کی تعمیرِ نو ہمیشہ کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتی اور ابتدا میں ہی ناکامی کے واضح خطرات کو تسلیم کرنا ضروری ہوتا ہے۔

امریکہ نے 2001 میں نائن الیون حملوں کے بعد افغانستان پر حملہ کیا تھا، جب اس نے اس حملے کا ذمہ دار القاعدہ کو قرار دیا، جس کی قیادت طالبان کے زیرِ کنٹرول افغان علاقوں میں موجود تھی۔ 2021 تک امریکہ نے افغانستان میں جنگی اخراجات پر 763 ارب ڈالر جبکہ تعمیرِ نو پر 145 ارب ڈالر خرچ کیے۔

Advertisement

جولائی 2021 میں امریکی افواج نے اچانک انخلا کیا، جس کے ایک ماہ بعد طالبان نے کابل پر دوبارہ قبضہ کر کے امریکی حمایت یافتہ حکومت کو گرا دیا۔ اس عجلت میں کیے گئے انخلا کے دوران امریکہ اپنا وسیع فوجی سازوسامان، گاڑیاں، اور انفراسٹرکچر پیچھے چھوڑ گیا، جس میں بگرام ایئر بیس بھی شامل تھا جو کئی برسوں تک امریکی حملے کا مرکزی اڈہ تھا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابل کے سقوط کی ذمہ داری اپنے پیشرو جو بائیڈن پر عائد کی اور اس ہنگامہ خیز انخلا کو ’’شرمناک‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو دوبارہ بگرام بیس واپس لینا چاہیے تاکہ اسے امریکی قومی سلامتی کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ تاہم طالبان حکومت نے اس مطالبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ افغانستان کی سرزمین پر کسی بھی غیر ملکی فوج کی واپسی ناقابلِ قبول ہے۔