روسی مرکز برائے سائنس و ثقافت میں عالمی یومِ شطرنج جوش و خروش سے منایا گیا

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

روسی مرکز برائے سائنس و ثقافت (ایوان دوستی) کراچی میں عالمی یومِ شطرنج نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس تقریب کا انعقاد پاکستان-روس دوستی سوسائٹی کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں شطرنج کے کھلاڑیوں، طلبہ، خواتین، بچوں، نوجوانوں اور کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد شطرنج کے کھیل کو فروغ دینا، ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنا اور پاکستان و روس کے درمیان دوستی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

اس ٹورنامنٹ میں 70 سے زائد کھلاڑیوں نے بچوں، خواتین، نوجوانوں اور اوپن کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ تمام مقابلے خوشگوار، دوستانہ اور مسابقتی ماحول میں منعقد ہوئے، جہاں شرکاء نے بہترین کھیل، ذہانت، نظم و ضبط اور کھیل کے اعلیٰ جذبے کا مظاہرہ کیا۔ ضلع وسطی کی ٹیم فاتح اور ایسٹ کی ٹیم رنرز اپ رہی۔

تمام کیٹیگریز کے فاتحین میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو میڈلز اور ٹرافیاں پیش کی گئیں۔ تقریب میں شریک تمام کھلاڑیوں کو ان کی حوصلہ افزائی اور شرکت کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔ شرکاء اور مہمانوں کی تواضع دوپہر کے کھانے اور ہائی ٹی سے کی گئی۔

اس موقع پر روسی ہاؤس کے ڈائریکٹر نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ مستقبل میں روس کے معروف شطرنج کے گرینڈ ماسٹرز اور کوچز پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے آن لائن تربیتی کلاسز کا انعقاد کریں گے تاکہ انہیں عالمی معیار کی تربیت حاصل ہو سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں روسی شطرنج کے ماہرین پاکستان کا دورہ بھی کریں گے اور یہاں عملی تربیت فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان شطرنج کے شعبے میں باقاعدہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا، جس کے تحت پاکستانی کھلاڑیوں کو روس میں تربیت اور ٹورنامنٹس میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ روسی کھلاڑی اور کوچز بھی پاکستان آ کر تربیتی پروگرامز اور دوستانہ مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ ڈائریکٹر نے یہ بھی اعلان کیا کہ روس کی جانب سے روسی ہاؤس کے لیے معیاری شطرنج بورڈز اور دیگر سامان فراہم کیا جائے گا تاکہ پاکستانی کھلاڑی بہتر سہولیات کے ساتھ اپنی تربیت جاری رکھ سکیں۔

تقریب کا اختتام شاندار تقسیمِ انعامات اور اجتماعی تصویر کے ساتھ ہوا۔ اس کامیاب پروگرام نے شطرنج کی تعلیمی اور ذہنی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور روس کے درمیان دوستی، ثقافتی روابط اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس تقریب کے کامیاب انعقاد میں پروفیسر سید سخاوت علی، محترمہ فریحہ عاقب، محمد اسلم خان، سید مشرف علی شاہ، اویس صدیقی، میر شاہ محمد، سید شہریار علی، اور واصف نثار نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔