بیجنگ(محمد ابراہیم عباسی)

چین نے تائیوان کے حالیہ مقامی انتخابات کے نتائج کے بعد ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ جزیرہ تائیوان میں سیاسی تبدیلیاں چین کے قومی اتحاد کے تاریخی عمل کو نہیں روک سکتیں۔

Advertisement

چین کے دفتر برائے امورِ تائیوان کی ترجمان ژانگ ہان نے اتوار کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ تائیوان میں سیاسی منظرنامہ خواہ کتنا ہی تبدیل کیوں نہ ہو، آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے تعلقات کی سمت تبدیل نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی چین کے دوبارہ اتحاد کے تاریخی رجحان کو روکا جا سکتا ہے۔

چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق ترجمان ژانگ ہان نے یہ بیان تائیوان میں ہفتے کے روز ہونے والے مقامی انتخابات کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے دیا۔

ژانگ ہان کا کہنا تھا کہ تائیوان کے عوام میں امن، ترقی، باہمی روابط اور تعاون کی خواہش غالب ہے۔ آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف رہنے والے عوام چاہتے ہیں کہ ایک دوسرے کے ساتھ تبادلے اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے اور خطے میں امن و استحکام برقرار رہے۔

چینی ترجمان نے مزید کہا کہ بیجنگ ایک چین کے اصول اور 1992 کے اتفاقِ رائے پر قائم رہے گا، جبکہ تائیوان میں علیحدگی پسند قوتوں کی مخالفت اور بیرونی طاقتوں کی مداخلت کے خلاف مزاحمت جاری رکھی جائے گی۔

چین نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف اقتصادی، سماجی اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے ساتھ پرامن ترقی اور قومی اتحاد کے مقصد کو آگے بڑھاتا رہے گا۔

بیجنگ کے اس تازہ بیان کو تائیوان کے سیاسی حالات میں تبدیلی کے باوجود چین کے دیرینہ مؤقف کا ایک واضح اعادہ قرار دیا جا رہا ہے۔