ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
اسپین کے جزیرے ایبیزا کے قریب 7 ہزار ٹن ڈیزل لے جانے والا آئل ٹینکر سمندر میں الٹ گیا، حادثے میں چیف انجینئر ہلاک ہوگیا جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مالٹا میں رجسٹرڈ بحری جہاز میڈ ایمری جمعرات کو حادثے کا شکار ہوا، جس کے بعد جہاز پر موجود عملے کے تمام 17 ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم چیف انجینئر بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ 6 افراد کو معمولی زخم آئے۔
حادثے کے بعد مغربی بحیرہ روم میں بڑے پیمانے پر تیل پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا، تاہم جہاز کے معائنے سے معلوم ہوا کہ اس کے فیول ٹینک محفوظ ہیں اور ان میں کوئی شگاف نہیں پڑا۔ حکام کے مطابق الٹنے والے ٹینکر کو اسپین کی بندرگاہ کارتاجینا منتقل کیا جائے گا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔





