کواڈ اتحاد ملک کے خلاف عالمی طاقتوں کا اتحاد ہے، چین
بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک)
چین کا کہنا ہے کہ کواڈ اتحاد ملک کے خلاف عالمی طاقتوں کا اتحاد ہے. چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زہاؤ لیجیان نے کواڈ کے اجلاس پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد کواڈ اتحاد جس میں امریکہ، جاپان، بھارت اور آسڑیلیا شامل ہیں چین کو روکنے اور امریکی تسلط کو برقرار رکھنے کا ایک حربہ ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میلبرن میں گزشتہ روز ہونے والے کواڈ اتحاد کے اجلاس میں امریکہ، آسٹریلیا، جاپان اور بھارت کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی ۔
اجلاس کا مقصد کواڈ اتحاد کو مزید مضبوط بنانا اور ایشیا پیسیفک کے علاقے میں چین کی بڑھتی ہوئی طاقت کو روکنا ہے، تاہم، چین نے اجلاس میں شریک ممالک پر سرد جنگ کی سوچ رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔ اس موقع پرآسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن نے اس اتحاد کی اہمیت بیان کی نیزآسٹریلیا اور چین کے درمیان موجود خراب تعلقات کی جانب بھی انھوں نے اشارہ کیا۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن کا کہنا تھا کہ امریکہ کی توجہ اس وقت یوکرین پر روسی قبضے کی جانب مبذول ہے لیکن چین کی بڑھتی ہوئی طاقت طویل المدتی مسئلہ ہے۔