ہونڈا اور جنرل موٹرز مل کر انتہائی کم قیمت برقی کاریں بنائیں گے
ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ہونڈا اور جنرل موٹرز مل کر انتہائی کم قیمت برقی کاریں بنائیں گے. جاپان کی گاڑی ساز کمپنی ہونڈا موٹر نے بجلی سے چلنے والی کم لاگت گاڑیوں کی سیریز جنرل موٹرز، جی ایم، کے ساتھ مل کر تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہونڈا نے 2027 میں عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانے کی غرض سے بجلی سے چلنے والی نئی EV گاڑیاں بنانے کے لیے جی ایم کے ساتھ شراکت داری کو بڑھانے کا منگل کے روز اعلان کیا۔ ان نئی گاڑیوں کو سب سے پہلے شمالی امریکا میں متعارف کرایا جائے گا۔ گاڑیاں تیار کرنے کی منصوبہ بندی اس طرح کی جائے گی تاکہ انہیں ہونڈا یا جی ایم دونوں میں سے کسی کے کارخانے پر بھی تیار کیا جا سکے۔ ان کمپنیوں کو اس حکمت عملی کے ذریعے لاکھوں گاڑیاں تیار کرنے کی توقع ہے، جس سے لاگت کم ہو گی اور گاڑی کی اسٹکر پرائس میں کمی آئے گی۔
مذکورہ کمپنیاں بیٹریوں کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے طریقوں کا بھی جائزہ لیں گی۔ بجلی سے چلنے والی ان گاڑیوں کی بیٹریاں جی ایم تیار کرے گی۔ ایک سستی کار بنانا جو کارخانہ دار کے لیے بھی منافع بخش ہو حیران کن حد تک مشکل ہے۔ بیٹری کے اجزاء کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے، اگر وہ کار الیکٹرک ہو تو یہ اور بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ لیکن ہونڈا اور جنرل موٹرز، جو دنیا کی دو بڑی کار کمپنیاں ہیں، کا خیال ہے کہ وہ کم لاگت والی ای وی تیار کرنے کے لیے کوڈ کو توڑ سکتے ہیں۔ اور وہ مل کر یہ منصوبہ مکمل کرنا چاہتے ہیں۔