لگتا ہے یہ جنگ نہ ہم جیتیں گے نہ ہی روس جیتے گا، یوکرین
کیف انٹرنیشنل ڈیسک
یوکرینی فوج کے مین انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ نے کہا ہے کہ جب تک یوکرین کو مغربی ہتھیار ملیں گے، روس سے اسے شکست نہیں ہوگی لیکن اس جنگ میں کوئی بھی فریق مکمل فتح حاصل نہیں کر سکے گا۔ دی اکانومسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیرل بوڈانوف نے اس خیال کو مسترد کر دیا کہ کیف کو مغربی فوجی امداد روک دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مغرب میں ہتھیاروں کے گودام خالی نہیں ہیں، چاہے کوئی کچھ بھی کہے ہم ایک انٹیلی جنس ایجنسی کے طور پر بہت واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں.
واضح رہے روس کے برعکس یوکرین غیرملکی حمایت پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے، کیرل بوڈانوف نے دعویٰ کیا کہ ماسکو کے وسائل پہلے ہی کم ہو رہے ہیں۔ بوڈانوف نے پیش گوئی کی روسی معیشت صرف 2025 تک ہی برقرار رہ سکتی ہے، جبکہ اگلے سال تک ہتھیاروں کا بہاؤ فرنٹ لائن تک ختم ہو جائے گا. یوکرینی فوج کے مین انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ نے مغرب سے امداد کی فراہمی جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔