برطانیہ آکسفورڈ شائرمیں دھماکہ، آسمان روشن ہوگیا
لندن انٹرنیشنل ڈیسک
آکسفورڈشائر میں رات کے وقت لگنے والی آگ نے آسمان روشن کر دیا، لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے فوڈ ویسٹ ری سائکلنگ پلانٹ پر آسمانی بجلی گرنے کے بعد ایک ’دھماکے‘ کی آواز سنی۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دھماکہ فوڈ ویسٹ ری سائیکلنگ پلانٹ میں آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ہوا، آسمانی بجلی گرنے کے باعث بائیو گیس ٹینک پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد آگ کے گولے نے آسمان روشن کر دیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کو کہا ہے اور اے فور زیرو شاہراہ بند کردی گئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٤٠ فائر فائٹرز موقع پر پہنچے۔ ساؤتھ سینٹرل ایمبولینس سروس نے تصدیق کی ہے کہ پیرا میڈکس بھی شریک ہیں تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تھیمز ویلی پولیس نے بھی کہا کہ افسران کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ رات نو بج کر ٢٠ منٹ پر فورس نے ایک بیان میں کہا: ’ہمارے افسران فی الحال آکسفورڈ شائر کے علاقے یارنٹن کے قریب ایک ویسٹ پلانٹ میں آگ لگنے کے مقام پر موجود ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ آج شام خراب موسم کے دوران اس مقام پر آسمانی بجلی گیس کے کنٹینروں پر گری، جس کی وجہ سے بڑی آگ لگی۔‘ اس واقعہ سے قبل محکمہ موسمیات کی جانب سے موسم کی وارننگ جاری کی گئی تھی اور علاقے میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش بھی ہوئی۔ دھماکے کی مزید وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔