مذاکرات شروع ہونے کے باوجود یوکرین کے ساتھ جنگ بندی نہیں ہوگی, روس
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس کا یوکرین کے ساتھ لڑائی ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے چاہے دونوں ممالک امن مذاکرات میں مصروف ہوں، کیونکہ کیف نے خود کو ایک ناقابل اعتبار ملک ثابت کیا ہے. ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح دوبارہ دھوکہ نہیں کھایا جا سکتا ہے. واضح رہے یوکرین ماضی میں بھی مذاکرات کی آڑ میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود روس پر حملے کرتا رہا ہے.
جمعہ کو روسی میڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں، روسی اعلی سفارت کار نے زور دیا کہ ماسکو کیف میں قیادت پر اعتماد نہیں کرتا. وزیر خارجہ کے مطابق ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن استنبول کی مثال کے برعکس، اب کی بار ہم مذاکرات کے دوران لڑائی میں کوئی وقفہ نہیں کریں گے۔ یاد رہے مارچ 2022 کے اواخر میں استنبول میں مذاکرات کے بعد سے دونوں فریقوں نے براہ راست ایک دوسرے سے بات نہیں کی۔ روس جس نے ابتدائی طور پر اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر کیف کے مضافات سے اپنی افواج کو واپس بلا لیا. جس کے بعد ترکی میں حاصل ہونے والی تمام پیش رفت پر پیچھے ہٹتے ہوئے یوکرین نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ روس نے اس سے متعلق کہا کہ اس نے کیف کے مذاکرات کاروں پر اعتماد کھو دیا ہے۔