روسی فوج تیزی سے دونباس میں آگے بڑھ رہی ہے، روسی صدر
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے پیر کو کہا کہ روس کے کورسک ریجن میں یوکرین کی دراندازی کا مقصد دونباس میں ماسکو کی افواج کی پیش قدمی کو روکنا تھا لیکن یہ اقدام اس مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس دونباس کے اہم شعبوں میں بڑی پیش قدمی کررہا ہے، بلکہ اس رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے جو طویل عرصے سے نہیں دیکھا گیا تھا۔ صدر پوتن نے کہا کہ روسی مسلح افواج ایک وقت میں 200، 300 میٹر تک نہیں بلکہ مربع کلومیٹر کے علاقوں پر کنٹرول حاصل کر رہی ہیں۔
صدر نے مزید کہا کہ کورسک ریجن میں کیف کی اشتعال انگیزی لامحالہ ناکام ہو جائے گی اور ماسکو یوکرائنی ڈاکوؤں سے نمٹے گا جو سرحد پر صورت حال کو غیر مستحکم کرنے کے مقصد سے روسی علاقے میں داخل ہوئے ہیں۔ اس کے بعد صدر پوتن نے مشورہ دیا، کیف کو یہ احساس ہوسکتا ہے کہ اسے مذاکرات کے ذریعے تنازعات کو حل کرنے کی ضرورت ہے، اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ماسکو نے کبھی بھی اس طرح کے مذاکرات کرنے سے انکار نہیں کیا۔