جنگل کی آگ نے لاس اینجلس کے مضافات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ منگل کو لاس اینجلس میں پیسیفک پیلیسیڈس کے مشہور علاقے میں ہوا سے لگنے والی جنگل کی آگ نے 30,000 سے زیادہ مکینوں کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا اور 13,000 عمارتوں کو خطرے میں ڈال دیا۔ خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے حکام کے مطابق، سانتا مونیکا اور مالیبو کے ساحلی قصبوں کے درمیان واقع امیر محلے میں لگنے والی آگ نے تقریباً 12 مربع کلومیٹر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں، جو ایل اے میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ہالی وڈ کے بیشتر اداکاروں کے گھر بھی پیسیفک پالیسڈس کے علاقے میں واقع ہیں۔داکار جیمز ووڈز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ وہ نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں لیکن انہیں نہیں معلوم کہ ان کا گھر بچ گیا ہے یا نہیں۔
حکام نے پہلے ہی خشک موسم کے بعد آنے والی طاقتور ہواؤں کے نتیجے میں شدید آگ کے خطرے سے خبردار کر دیا تھا۔ ہواؤں کے مزید تیز ہونے اور دیگر گھروں کے آگ کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ متعدد گھر آگ کی لپیٹ میں آئے ہیں اور گاڑیاں بھی جل گئی ہیں جبکہ لوگ اپنی جان بچانے کی غرض سے ٹوپانگا کی پہاڑیوں سے بھاگ رہے تھے۔لاس اینجلس میں فائر ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ کرسٹین کرولی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اس دوران کوئی شخص زخمی نہیں ہوا جبکہ دس ہزار گھروں میں 25 افراد کو خطرہ درپیش ہے.