جعفر ایکسپریس ٹرین ’دہشت گردی‘ کے پیچھے بھارت ہے، پاکستان
اسلام آباد (صداۓ روس)
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ ’جعفر ایکسپریس ٹرین دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، جبکہ افغانستان سے کالز ٹریس ہوئی ہیں، حملے میں ملوث دہشت گرد افغانستان میں دہشت گردوں سے رابطے میں تھے۔‘ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ ’جعفر ایکسپریس پر حملہ ملک سے باہر دہشت گردوں کا پلان تھا، افغان حکومت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، ہم طورخم سرحد کو کھلا رکھنا چاہتے ہیں، یہ پروپیگنڈا ہے کہ پاکستان طورخم سرحد کو کھولنے نہیں دے رہا۔‘
ترجمان نے کہا کہ ہمارے بہت سے دوست ممالک نے جعفر ایکسپریس دہشت گردی کی مذمت کی ہے جبکہ ہمارے کئی دوستوں سے ہمارا انسداد دہشت گردی پر تعاون موجود ہے۔ ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ شفقت علی خان نے کہا یہ پروپیگنڈا ہو رہا ہے کہ پاکستان طورخم سرحد کو کھلنے نہیں دے رہا، ہم طورخم سرحد کو کھلا رکھنا چاہتے ہیں۔ افغانستان کی جانب سے پاکستانی سرحد کے اندر چوکی بنانے کی کوششیں کی جا رہی تھیں، ہم افغان حکام کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کوئی بھی تعمیرات کریں۔ افغانستان پر ہماری بنیادی ترجیح دوستانہ و قریبی تعلقات کا فروغ ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یو ایس ایڈ کی اسکولوں کے لیے مختص رقوم کے دہشت گردی میں استعمال کے مبینہ الزامات بے بنیاد ہیں.