روسی فوج نے سرحدی کورسک ریجن میں سودزہ بستی کو آزاد کرالیا
ماسکو (صداۓ روس)
روس کی وزارت دفاع نے جمعرات کو اطلاع دی کہ روسی فوجیوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرحدی کورسک ریجن میں سودزہ اور دو مزید کمیونٹیز کو آزاد کرالیا ہے۔ وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ بیٹل گروپ نارتھ یونٹوں نے جارحانہ کارروائیوں کے ذریعے میلووئی، پوڈول اور سودزہ کی بستیوں کو آزاد کرایا۔ روسی وزارت دفاع نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورسک ریجن میں لڑنے والی یوکرینی افواج نے 340 سے زائد فوجیوں، دو پیادہ لڑنے والی گاڑیاں، تین بکتر بند پرسنل کیریئرز اور دیگر ہارڈ ویئر کے درجنوں ٹکڑوں کو کھو دیا ہے۔
یاد رہے فروری 2022 میں ماسکو اور کیف کے درمیان لڑائی میں اضافے کے بعد سے یوکرین نے گزشتہ سال 6 اگست کو کورسک کے علاقے میں دراندازی کا آغاز کیا تھا، جو کہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ روسی علاقے پر سب سے بڑا حملہ تھا۔ روس نے اس صورت حال کے بعد تحمل سے کام لیتے ہوئے یوکرین میں پیش قدمی جاری رکھی اور متعدد علاقوں کو آزاد کروانے کا سلسلہ جاری رکھا. تاہم اب گزشتہ ہفتے کے دوران روسی فوج نے سودزہ میں اپنی فوجی مہم تیز کی اور اس علاقے میں تیزی سے کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو یوکرین کی سرحد سے 9 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور دراندازی سے قبل اس کی آبادی 5,000 کے قریب تھی۔ منگل کو ماسکو میں وزارت دفاع نے کورسک کے علاقے کے شمال، مشرق اور جنوب مشرق میں واقع 12 دیہاتوں کو آزاد کرانے کا اعلان کیا۔